بیجنگ (شِنہوا) چین نے جی 7 ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مسائل پر توجہ دیں، سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصبات ترک کرتے ہوئے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے یہ بات یومیہ بریفنگ کے دوران جاپان میں جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد تائیوان، بحیرہ مشرقی چین، بحیرہ جنوبی چین، سنکیانگ اور تبت کے معاملے پر جاری مشترکہ اعلامیہ بارے ایک سوال کے جواب میں کہی۔
اجلاس نے چین سے کہا تھا کہ وہ شفاف، مسابقت اور منصفانہ کاروباری ماحول کو یقینی بنائے۔
وانگ نے کہا کہ چین کے مضبوط موقف اور زمینی حقائق کے برعکس جی 7 وزرائے خارجہ اجلاس نے چین کے داخلی امور میں کھلی مداخلت کی اور بدنیتی کے ساتھ چین کو بدنام کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اعلامیہ گروپ کے تکبر، تعصب اور چین کی راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی دانستہ کوشش ہے۔ ہم اس کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتے ہیں اور اس پر میزبان جاپان کو ڈی مارچ کیا گیا ہے۔
وانگ نے کہا کہ تائیوان چین اٹوٹ انگ ہے اور ایک چین اصول ، آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کا ضامن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے تائیوان میں حقیقی امن کو یقینی بنانے کے لئے لازم ہے کہ "تائیوان کی آزادی" کے کسی بھی اقدام کی واضح طور مخالفت کی جائے اور اسے روکا جائے۔
وانگ نے کہا کہ ہانگ کانگ، سنکیانگ اور تبت مکمل طور پر چین کے اندرونی امور ہیں اور کوئی بھی غیرملکی قوت کسی بھی طرح یا کسی بھی بہانے ان امور میں مداخلت نہیں کرسکتی۔
اسی طرح مشرقی بحیرہ چین اور بحیرہ جنوبی چین میں حالات عمومی طور پر مستحکم ہیں اور متعلقہ ممالک کو امن واستحکام برقراررکھنے کے لئے علاقائی ممالک کی کوششوں کا احترم کرنا چاہیئے۔