ٹوکیو(شِنہوا) جاپان میں چینی سفارتخانے نے تباہ شدہ فوکوشیما ڈائیچی نیوکلیئر پاور پلانٹ سے جوہری آلودہ پانی کے سمندرمیں اخراج کی اپنے ملک کی جانب سے سخت مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے جاپانی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اس اقدام کو فوری طور پر روکے۔
جاپان میں چین کے سفیر وو جیانگ ہاؤ نے گزشتہ روز جاپانی نائب وزیر خارجہ مساتکا اوکانو کے ساتھ ملاقات کے دوران چین کے اس حوالے سے پختہ موقف کی وضاحت کی۔ جاپان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانوں کو لاحق پریشانی کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے، انہوں نے بتایا کہ جاپان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانوں کو حال ہی میں جاپان سے بڑی تعداد میں فون کالز کے ذریعے ہراساں کیا گیا ہے جس سے ان کے معمول کے فرائض کی ادائیگی میں شدید خلل پڑا ہے۔
وو نے کہا کہ جاپان اس معاملے کو قانون کے مطابق حل کرے اور جاپان میں چینی سفارتخانے اور قونصل خانوں، اداروں، کاروباری اداروں اور شہریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں آنے والے چینی سیاحوں کی حفاظت کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔