ٹوکیو(شِنہوا) جاپان کے نیگاتا پریفیکچر میں منگل کی صبح ایک غیر فعال جوہری پاور پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی جسے فوری طور پر بجھادیا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق بحیرہ جاپان کے ساحل پر واقع کاشیوازاکی-کاریوا پلانٹ کے نمبر 5 ری ایکٹر کی عمارت میں آگ لگنے کا پتہ صبح 11:00 بجے(پاکستانی وقت رات 1بجے) کے بعد چلا۔
جاپان کے پبلک براڈکاسٹراین ایچ کے کے مطابق، پلانٹ کے آپریٹر، ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے بتایا کہ ری ایکٹر کے قریب ایک عمارت کی پہلی منزل پر واشنگ مشین کی موٹرمیں آگ کے شعلے دیکھے گئے۔ آگ بجھانے کے بعد، ٹیپکو نے کہا کہ پلانٹ میں کسی غیر معمولی چیز کی کوئی اطلاع نہیں اور کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ٹیپکوکے مطابق پلانٹ کے سات ری ایکٹر اس وقت آف لائن ہیں اور یہ کہ مانیٹرنگ سٹیشنز پر تابکاری کی سطح میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور پلانٹ سے تابکار مادوں کے خارج ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔