ٹوکیو (شِنہوا) جاپان کے مغربی علاقے ٹوکیو میں واقع امریکی یوکوٹا اڈے نے 3 ایسے واقعات کی تصدیق کی ہے جن میں آگ بجھانے کے لئے "پر اور پولی فلورو الکائل مادوں" (پی ایف اے ایس) پر مشتمل فوم استعمال کیا گیا۔ یہ نامیاتی فلورین مرکبات ہیں جو صحت کے لئے خطرات بڑھاتے ہیں۔
جاپانی اخبار آساہی شمبون کی رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب امریکی فوج نے یوکوٹا اڈے پر آگ بجھانے والے آلات سے اس طرح کے اخراج کا اعتراف کیا ہے۔
خبر کے مطابق ایسے ہی واقعات جنوری 2010 ، اکتوبر اور نومبر 2012 میں بھی پیش آئے تھے اور اس وقت اسٹوریج کنٹینرز اور ڈرم سے رساؤ ہوا تھا۔
اخبار کے مطابق امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ اڈے کے باہر کسی بھی طرح کے اخراج کے شواہد نہیں ملے تاہم انہوں نے اخراج کی مقدار بارے تفصیلی معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
یہ انکشاف اڈے کے اطراف کی مقامی حکومتوں اور بلدیات پر مشتمل ایک رابطہ کونسل نے کیا جس نے وزارت دفاع کے توسط سے یہ اطلاع دی جسے بدھ کوعام کیا گیا۔
جاپان ، ٹوکیو کے علاقے فوسا میں امریکی یوکوٹا اڈے کی فائل فوٹو۔ (شِنہوا)
رابطہ کونسل نے قومی حکومت سے درخواست کہا ہے کہ وہ زیر زمین پانی پر مرتب اثرات کی تحقیقات کرے اور رساؤ کے مقامات اور مقدار بارے تفصیلی معلومات فراہم کرے۔
یہ اڈہ ٹاما خطے میں واقع ہے جہاں پانی کے کچھ کنوؤں میں پی ایف اے ایس کی بلند سطح کا علم ہوا۔
اگرچہ پی ایف اے ایس کے سبب صحت پر مرتب اثرات کا مکمل طور پر علم نہیں ہوسکا تاہم شہریوں کے ایک گروپ نے 2022 کے اوائل میں 650 رہائشیوں کا خون ٹیسٹ کیا تھا جن میں 55 میں پی ایف اے ایس کی مقدار صحت کو لاحق خطرات کے لئے مقررہ عالمی معیار سے زائد پائی گئی۔