• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 17th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

یورپی کمیشن کی 2040 تک کاربن اخراج میں 90 فیصد کمی کی تجویزتازترین

February 07, 2024

برسلز (شِنہوا) یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ 2040 میں یورپی یونین میں خالص گرین ہاؤس گیس اخراج  میں1990 کی سطح کے مقابلے میں 90 فیصد کمی کی جائے گی۔

کمیشن کے جاری کردہ اخباری اعلامیہ کے مطابق جون میں یورپی یونین کے انتخابات کے بعد اگلے کمیشن میں قانون سازی کی تجویز پیش کی جائے گی۔

یہ ہدف یورپی یونین کے 2050 تک موسمیاتی غیرجانبداری کے حصول کےبارے میں 2021 میں کیے گئے وعدے سے مطابقت رکھتا ہے جس کا عبوری مقصد 1990 کی سطح کے مقابلے میں 2030 تک خالص گرین ہاؤس گیس کا اخراج کم از کم 55 فیصد تک کم کرنا ہے۔

جرمنی ، شوارزن بیک میں ڈرک ہیل کے گھر میں نصب چینی ساختہ شمسی توانائی آلات دیکھے جا سکتے ہیں۔ (شِنہوا)

کمیشن نے کہا کہ 2040 کے لئے ماحولیاتی ہدف کا تعین یورپی صنعت، سرمایہ کاروں، شہریوں اور حکومتوں کو اس عشرے میں سٹریٹجک فیصلے کرنے کے بارے میں ایک واضح لائحہ عمل فراہم کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یورپی یونین اپنے ماحولیاتی غیر جانبداری کا مقصد حاصل کرنے کی راہ پر گامزن رہے۔

کمیشن نے مزید کہا کہ یہ مستقبل کے بحرانوں کے خلاف یورپ کی لچک کو بھی فروغ دے گا اور خاص کر فوسل ایندھن کی درآمدات پر انحصار کم کرکے یورپی یونین کی توانائی میں خود کفالت کو مستحکم کرے گا جس کا حصہ 2022 میں  یونین کی مجموعی مقامی پیداوار میں 4 فیصد سے زائد تھا۔