والیٹا(شِنہوا) یورپی یونین کے 27 رکن ممالک کے علاوہ ناروے اور سوئٹزرلینڈ میں گزشتہ سال دنیا بھر سے پناہ کے لیے11لاکھ 40ہزاردرخواستیں موصول ہوئیں،جو سات سال کی بلند ترین سطح پرہیں۔
مالٹا میں قائم پناہ کے لیے یورپی یونین کی ایجنسی کی بدھ کو جاری رپورٹ کے مطابق پناہ کے لیےدرخواستوں کی تعداد میں 2022 کے مقابلے میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ صورتحال 2015 اور2016کے مہاجرین کے بحران سے ملتی جلتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شامی باشندوں کی جانب سے سب سے زیادہ پناہ کی درخواستیں دی گئی ہیں ، دوسرے نمبر پر افغان باشندے ہیں۔ 2022 کے مقابلے میں شامیوں کی جانب سے درخواستوں میں 38 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ افغانوں کی جانب سے درخواستوں میں 11 فیصد کمی واقع ہوئی۔
فلسطینیوں کی جانب سے بھی یورپی یونین پلس ممالک میں پناہ کی درخواستوں میں اضافہ ہوا ہے، 2023 میں درخواستوں کی تعداد تقریباً 11ہزار600 تک پہنچ گئی ، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں دو تہائی زیادہ ہے۔