• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 25th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

یورپی یونین باہمی مفید تعاون اور مثبت مسابقت کو اپنائے، چینتازترین

June 10, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ بات چیت اور مشاورت سے اقتصادی اور تجارتی تنازعات کو مناسب طریقے سے حل کرتے ہوئے باہمی مفید تعاون کی تائید اور صحت مند مسابقت کا خیرمقدم کرے۔

چینی وزارت تجارت نے کہا  کہ دونوں فریقین کو جائز خدشات دور کرنے اور تجارتی تنازعات کو بڑھاوا دینے سے گریز کرنا چاہئے۔

چینی وزارت تجارت نے اسپین، پرتگال اور یونان جیسے ممالک میں چینی سرمایہ کاری سے قائم کاروباری اداروں اور کاروباری انجمنوں کے ساتھ سمپوزیم منعقد کئے  جس میں کچھ کاروباری نمائندوں نے تشویش ظاہر کی ہے کہ یورپی یونین نام نہاد شفاف مسابقت کے نام پر چینی کاروباری اداروں کو مسلسل دبارہی ہے۔

چینی وزیر تجارت وانگ وین تاؤ نے کہا کہ چین کے خلاف "غیرمنصفانہ مسابقت" کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ منصفانہ مسابقت پرتمام ممالک کا اتفاق رائے موجود ہے اور یہ عالمی تبادلے کی بنیاد ہے جس کی تعریف چند ممالک نہیں کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی منصفانہ مسابقت کا مطلب یہ ہے کہ دوسروں کو تنگ کرنے کے بجائے خود کو بہتر بنانے کی کوشش کی جائے۔ یہ خاص ہونے کے بجائے کھلا، تعاون پر مبنی، مساوی اور باہمی مفید ہونا چاہئے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ اپنی مرضی سے قوانین پامال کرنے یا ان سے چھیڑ چھاڑ کی بجائے عالمی اتفاق رائے رکھنے والے قوانین پر عملدرآمد کیا جائے۔

وانگ نے کہا کہ چین باہمی مفید تعاون کی تائید کرتا ہے تاہم وہ نہ تو مسابقت سے بچتا ہے اور نہ ہی اس سے خوفزدہ ہوہتا ہے بلکہ وہ صحت مند مسابقت کا خیرمقدم کرتا اور اس کو روکنے یا دبانے کے لئے تیار کردہ مسابقت کا مخالف ہے۔

وانگ نے چینی الیکٹرک گاڑیوں پر سبسڈی کے خلاف یورپی یونین کی تحقیقات پر خدشات کے جواب میں کہا کہ دونوں فریقوں کا ساتھ ملکر کام کرنے کا صحیح طریقہ تعاون بڑھانا اور صحت مند مسابقت سے باہمی مفید نتائج حاصل کرنا ہے۔انہوں نے یہ بات اسپین کے شہر بارسلونا میں چین کی چیری آٹوموبائل اور اسپین کی ایبرو ای وی موٹرز کے مشترکہ منصوبے کے  سلسلے میں کئے گئےدورے میں کہی ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین تجارتی تحفظ پسندی ترک کرکے مذاکرات اور تعاون کی درست راہ پر واپس آئے گی۔

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مشترکہ منصوبے میں شامل کاروباری ادارے اپنی مشکلات پر قابو پاکر اپنے کام کو چین ۔ اسپین اور چین ۔ یورپ اقتصادی اور تجارتی تعاون کا ایک اہم منصوبہ بنائیں گے۔