کیف(شِنہوا)یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمیہل نے کہا ہے کہ حکومت نے اس سال ملک کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 10 کھرب31 ارب ہریونیا (28 ارب 20 کروڑ ڈالر) سے زیادہ اخراجات کیے ہیں۔
یوکرینی کابینہ کی پریس سروس کے مطابق ڈینس شمیہل نے کہا کہ اس رقم میں سے 682 ارب ہریونیا (18 ارب 66 کروڑ ڈالر) فوجی اہلکاروں کی تنخواہوں کی ادائیگی پر خرچ ہوئے اور تقریباً 349 ارب ہریونیا (9 ارب 55 کروڑ ڈالر) فوجی سازوسامان، ہتھیار، گولہ بارود اور دیگر دفاعی آلات کی خریداری پر خرچ کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے پہلے نو مہینوں میں دفاعی شعبہ یوکرین کے بجٹ کی ترجیح تھا جس کے بعد سماجی پروگرام اور صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں پر توجہ دی گئی۔
شمیہل نے کہا کہ اگلے سال یوکرین دفاع اور سکیورٹی فورسز کی امداد کے لیے تمام ممکنہ وسائل فراہم کرے گا۔