• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

یوکرین کی روس کے سرحدی شہر بیلگورود پر گولہ باری سے 21 افراد ہلاکتازترین

December 31, 2023

ماسکو/کیف (شِنہوا) روس کے سرحدی شہر بیلگورود پر یوکرین کی گولہ باری سے 3 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 30 اپارٹمنٹس کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

بیلگورود خطے کے گورنر ویاچیسلاو گلاڈکوف نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ 110 افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں جبکہ زخمیوں میں 17 بچے بھی شامل ہیں۔ اب تک 30 اپارٹمنٹ عمارتوں، 344 اپارٹمنٹس، 3  نجی گھروں، متعدد کاروباری اداروں اور سماجی سہولیات کو نقصان پہنچا ہے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق جمعے اور ہفتے کو یوکرین کی مسلح افواج نے بیلگورود اور اس کے خطے پر گولہ باری کی۔ آخری حملے میں کلسٹر گولہ بارود کے ساتھ  2 راکٹ داغے گئے اورمتعدد  راکٹ فائر کرنے کےنظام سے شہری مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔

وزارت نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام نےراکٹوں اور زیادہ تر گولوں کو روکا اور بیلگورود خطے میں 13 راکٹ تباہ کئے۔

یوکرین میڈیا نے یوکرین سیکیورٹی سروسز کے ایک نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یوکرین کی افواج نے بیلگورود خطے میں روسی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ذرائع نے کہا کہ یوکرین کی دفاعی افواج کی مشترکہ کارروائیاں یوکرین کے شہروں پر روسی میزائل حملوں اور شہریوں کی ہلاکت کے خلاف جاری ہیں۔

 روس نے جمعے کویوکرین پر بڑے پیمانے پر فضائی حملہ کیا تھا جس میں 30 افراد ہلاک اور 160 زخمی ہوئے تھے۔