کیف(شِنہوا)یوکرائن نے اپنی بندرگاہوں کے ذریعے برآمدات کیلئے اشیاء کی حد کو بڑھانے پر غور کیا ہے اور وہ ترکی کے ساتھ اس مسئلے پر بات کرنے کیلئے تیار ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی یوکرینفارم نے ترکی میں یوکرائن کے سفیر ویسل بودنار کے حوالے سے بتایا کہ ہم مستقبل میں یوکرائن سے برآمد ہونیوالے سامان کی حد کو بڑھانے کے امکان بارے سوال اٹھا رہے ہیں۔
بودنار نے کہا کہ بحیرہ اسود میں یوکرائنی بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل کے اقدام کے تحت قائم کیا گیا گرین کوریڈور بلا تعطل کام کر رہا ہے۔
بودنار نے کہا کہ یوکرائن اورترکی جلد ہی معاہدے کی توسیع پر بات چیت کرنے والے ہیں۔
یوکرائن اور روس نے 22 جولائی کو استنبول میں ترکی اور اقوام متحدہ کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں تاکہ یوکرائنی بندرگاہوں سے بحیرہ اسود کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک خوراک اور کھاد کی ترسیل دوبارہ شروع کی جا سکے۔
یوکرائن کی وزارت انفراسٹرکچر کے مطابق معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد سے اب تک 73 لاکھ 80 ہزارٹن زرعی مصنوعات سے لدے مجموعی طور پر 331 بحری جہاز یوکرائنی بندرگاہوں سے ایشیا، یورپ اور افریقہ کے ممالک کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
اس معاہدے کی میعاد 19 نومبر کو ختم ہو گی۔