صنعا (شِنہوا) یمن کے دارالحکومت صنعا کے علاقے باب الیمن میں ایک امدادی مرکز میں بھگدڑ سے کم از کم 80 افراد ہلاک اور 220 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حوثی صحت اتھارٹی کے سرکاری ترجمان انیس الصوباحی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طبی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کے لیے دارالحکومت کے متعدد اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے۔
حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے بتایا کہ گروپ کی وزارت داخلہ کا دعویٰ ہے کہ بھگڈر کا یہ واقعہ مقامی تاجروں کی جانب سے نقد رقم کی تقسیم کے دوران پیش آیا جو کسی تنظیم یا وزارت کے تعاون کے بغیر یہ امداد بانٹ رہے تھے۔
ٹی وی نے وزارت کے ترجمان عبدالخالق العجری کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حکام نے رقم کی غیرمنظم تقسیم کے ذمہ دار دو تاجروں کو حراست میں لیکراس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
کئی برسوں سے جاری تنازع کی وجہ سے غربت کے شکار بہت سے یمنی بنیادی ضروریات کے لئے خیراتی مراکز کا رخ کررہے ہیں کیونکہ مسلمانوں کے اہم ترین تہواروں میں سے ایک عیدالفطر نزدیک آچکا ہے۔
یمن 2014 کے اختتام پراس وقت خانہ جنگی کی لپیٹ میں آیا تھا جب ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے کئی شمالی صوبوں پر قبضہ کرکے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کو دارالحکومت صنعا سے بے دخل کردیا تھا۔
یہ جنگ ہزاروں افراد کی جان لے چکی ہے۔ 40 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور یمن بھوک وافلاس کا شکار ہوگیا۔