نئی دہلی(شِنہوا)گیمبیا میں مبینہ طور پر 60 سے زائد بچوں کی موت کا باعث بننے والا کھانسی کا ناقص شربت بنانے والی بھارتی دوا ساز کمپنی کو فوری طور پر تمام ادویات کی تیاری روک دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ کے وزیر صحت انیل وج نے بدھ کے روز بتایا کہ دواسازی کے وفاقی و ریاستی محکموں کی جانب سے مشترکہ معائنہ کے دوران ریاست ہریانہ کے ضلع سونی پت میں واقع میڈن فارماسیوٹیکل لمیٹڈ میں 12 خامیاں پائی گئی ہیں۔
انیل وج نے کہا کہ دواساز کمپنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام پیداوار روک دی جائے۔
دوا ساز کمپنی نےگیمبیا کو مختلف اقسام کے کھانسی کے شربت برآمد کیے تھے جہاں سے شیرخوار بچوں کی اموات کی اطلاع موصول ہوئی ہیں اس کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے ان کھانسی کے شربتوں بارے پراڈکٹ الرٹس جاری کیے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نےگیمبیا میں ہونیوالی اموات کا تعلق دوا ساز کمپنی کے تیار کردہ 4 اقسام کے کھانسی کے شربتوں ، پرومیتھازائن اورل سلوشن ، کوفیکسمالِن بے بی کف سیرپ ، ماکوف بے بی کف سیرپ اور میگرپ این کولڈ سیرپ سے جوڑا ہے۔
انیل وج نے بدھ کے روز ہریانہ میں میڈیا کو بتایا کہ ڈبلیوایچ او نے سونی پت کی دوا ساز کمپنی کی جن ادویات کا ذکر کیا ہے ان کے نمونے کولکتہ کی سنٹرل ڈرگ لیب میں بھیجے گئے ہیں جہاں سے ابھی تک رپورٹ موصول نہیں ہوئی ،رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت مکمل معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔