غزہ(شِنہوا) اسرائیل اور حماس کےدرمیان موجودہ لڑائی کے آغاز سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 9ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 9ہزار61 ہو گئی ہے، جن میں 3ہزار760 بچے اور 2ہزار326 خواتین شامل ہیں، جب کہ زخمیوں کی تعداد 32ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 حملے کیے جن میں 256 افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔
غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک غزہ کی پٹی پر 10ہزار سے زیادہ بم گرائے ، ایک اندازہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے استعمال کیے جانے والے دھماکہ خیز مواد کی مقدار 25ہزار ٹن سے تجاوز کر چکی ہے، یا تقریباً 70 ٹن فی مربع کلومیٹر تک پہنچ گئی ہے۔