رام اللہ (شِنہوا) فلسطین کے صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کریں تاکہ غزہ پٹی کے وسطی علاقوں پراسرائیلی حملوں کے نتائج پر بات چیت ہوسکے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں دارے وفا نے بتایا کہ محمود عباس ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے عرب اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں جس کا مقصد فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت سے نمٹنا اور اسرائیل کو بین الاقوامی قانونی حیثیت کی قراردادوں پر عملدرآمد کرنے پر مجبور کرنا ہے۔
فسلطینی صدر محمود عباس نے غزہ اور مغربی کنارے میں رونما انسانی تباہی کی روک تھام کے لئے بین الاقوامی مداخلت کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برداری کی خاموشی اور امریکی حمایت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسرائیل جرائم کا ارتکاب جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہفتے کو وسطی غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 210 فلسطینی جاں بحق اور 400 سے زائد زخمی ہوئےتھے۔ مقامی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ برس اکتوبر میں اسرائیل اور غزہ کی حکمران جماعت حماس کے درمیان شروع ہونے والے اس تنازع کے بعد سے اب تک 36 ہزار 801 فلسطینی جاں بحق اور 83 ہزار 680 زخمی ہو چکے ہیں۔