غزہ/ یروشلم (شِنہوا) فلسطین کے جنوبی شہر رفح اور غزہ پٹی کے گردونواح میں اسرائیلی فوج کےشدید حملوں میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی سرکاری خبر رساں ادارے وفا کے مطابق پیر کی علی الصبح اسرائیلی فوج نے رفح کے علاقے میں تقریباً 40 فضائی حملے کئے جس میں زمینی گولہ باری بھی شامل تھی۔
اسرائیلی فوج نے بتایا کہ رفح میں اسپیشل فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دو یرغمالیوں کو بازیاب کرا لیا ہے جنہیں اسپتال میں داخل کرادیا گیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل نے پیر کو جنوبی غزہ میں "دہشت گرد ٹھکانوں پر حملے " کئے ہیں۔