غزہ(شِنہوا) فلسطین میں غزہ کے دوسرے سب سے بڑے شہر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس اسپتال کے اسرائیلی محاصرے کے دوران 150 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ فلسطینیوں کو ہسپتال کے صحن میں مردے دفن کرنے پر مجبور کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ناصر میڈیکل کمپلیکس کے مردہ خانے میں اب بھی 30 نامعلوم لاشیں ہیں جبکہ ناصر ہسپتال کو خون کے یونٹس کی شدید اور خطرناک حد تک کمی کا سامنا ہے جبکہ بے ہوشی دینے والی بہت سی ادویات ختم ہو چکی ہیں۔
القدرہ نے کہا کہ ایندھن کی قلت کی وجہ سے ہسپتال کے جنریٹرز کو چار دن کے اندر بند کر دیا جائے گا جبکہ پانی کے ٹینکوں کو اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں نقصان پہنچا جس سے کئی عمارتوں میں پانی کا اخراج شروع ہوا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل جان بوجھ کر خان یونس میں ناصر میڈیکل کمپلیکس اور ہوپ ہسپتال کی صلاحیتوں کومتاثر کررہا ہے اور اپنے محاصرے کے دوران انہیں نشانہ بنانے اور ایمبولینس کی نقل و حرکت کو روک رہا ہے۔
اس سے قبل اسرائیل کی فوج نے اپنے حملے کے دعوے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ شِنہوا کو بھیجے گئے ایک بیان میں اسرائیل کی دفاعی افواج نے کہا کہ وہ خان یونس کے العمل اور ناصر ہسپتالوں کے طبی عملے سے ٹیلی فون پر رابطے میں ہیں تاکہ ان کے آپریشنز کو جاری رکھا جا سکے۔
فوج نے کہا کہ ہسپتالوں کو خالی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے جبکہ فوج جنوبی غزہ کی پٹی کے سب سے بڑے شہر خان یونس میں حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔
حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی حملوں سے جاں بحق فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 26 ہزار 257 تک پہنچ گئی ہے۔