• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

فریقین بحیرہ اسود اناج معاہدے میں توسیع پر کام کریں: ترجمان اقوام متحدہتازترین

May 06, 2023

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ بلیک سی گرین انیشیٹو کی توسیع کے لیے کام کر رہا ہے اور تمام متعلقہ فریقوں پر اس حوالے سے  تعمیری کردار ادا کرنے پر زور دیتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نائب ترجمان فرحان حق نے روزمرہ کی پریس بریفنگ میں کہا کہ جوائنٹ کوآرڈینیشن سینٹر (جے سی سی) اس اقدام میں حصہ لینے کے لیے نئے جہازوں کو اجازت دینے کے معاہدے پر نہیں پہنچا ہے جو بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے یوکرین کے اناج اور دیگر زرعی مصنوعات کی برآمد کی اجازت دیتا ہے۔ جے سی سی پہلے سے مجاز جہازوں پر روزانہ معائنہ کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام فریقین کو اپنی تجاویز سے آگاہ کیا ہے جس کا مقصد اس اقدام کی بہتری اور توسیع  ہے جبکہ فریقین کے موقف کو مدنظر رکھتے ہوئےہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ اپنی بات چیت جاری رکھیں، آپریشنل چیلنجز پر قابو پائیں اور اس  اقدام کے مکمل نفاذ اور تسلسل کے لیے کام کریں۔

فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نمائندے اس اقدام پر ترک حکومت کی طرف سے بلائے گئے ایک تکنیکی اجلاس میں شرکت کریں گے جو اگلے ہفتے استنبول میں ہونے والے  اعلیٰ سطح کے اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہوگا۔  انہوں نے کہا کہ ہم تمام فریقوں کے ساتھ تعمیری اور واضح بات چیت کے منتظر ہیں جس کا مقصد چیلنجوں پر قابو پانا  اور اقدام کے تسلسل اور مکمل نفاذ کے لیے کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس، یوکرین، اقوام متحدہ اور ترکیہ سمیت تمام فریقین اگلے ہفتے ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں نمائندگی کریں گے  تاہم شرکاء کے ناموں کا تعین ہونا باقی ہے۔