رم اللہ(شِنہوا)فلسطین نے اقوام متحدہ (یو این) کی طرف سے فلسطینی علاقوں میں قدرتی وسائل پر فلسطینی عوام کی خودمختاری سے متعلق قرارداد کے حق میں ووٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔
فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی سیکنڈ کمیٹی نے مشرقی بیت المقدس سمیت فلسطینی علاقوں میں قدرتی وسائل پر فلسطینی عوام کی مستقل خودمختاری کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
اخباری بیان کے مطابق مجموعی طور پر 151 رکن ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، 7 ممالک کینیڈا ، اسرائیل ، مارشل آئی لینڈ ، مائیکرونیشیا ، ناورو ، پاؤلا اور امریکہ نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ 10 رکن ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
المالکی نے بیان میں کہا کہ قرارداد کے حق میں ووٹنگ فلسطینیوں کے حق اور ان کے قدرتی وسائل بشمول زمین، پانی اور توانائی کے وسائل پر ان کی خودمختاری کی توثیق کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قدرتی وسائل کا استحصال بند کرے۔