منیلا (شِنہوا) فلپائن میں اختتام ہفتہ آنے والے شدید سمندری طوفان نالگے سے کم سے کم 150 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ طوفان سے اس جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے کئی حصوں میں سیلاب آیا اور لینڈ سلا ئیڈ نگ ہوئی۔
نیشنل ڈیزاسٹررسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل کا کہنا ہے کہ 94 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دیگر 56 افراد کی شناخت کی تصدیق کی جارہی ہے ۔
36 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے جس میں 28 کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دیگر سے متعلق تصدیق کا عمل جاری ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ سمندری طوفان نے 39 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے، 499 سڑکوں اور 120 پلوں کو نقصان پہنچا یا اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی۔
نالگے ، رواں سال فلپائن میں آنے والا 16 واں سمندری طوفان ہے۔ یہ بائیکول خطے میں جزیرہ نما صوبہ کیٹین ڈونز میں ہفتے کے روز سورج طلوع ہو نے سے قبل ٹکرایا تھا۔
فلپائن عالمی سطح پر سب سے زیادہ آفات کے شکار ممالک میں سے ایک ہے، پیسیفک رنگ آف فائر اور پیسیفک ٹائیفون بیلٹ میں واقع ہونے کے سبب یہاں سال میں 20 طوفان آتے ہیں جس میں سے کچھ شدید اور تباہ کن ہوتے ہیں۔
اپریل میں سمندری طوفان میگی سے فلپائن کے وسطی اور جنوبی حصوں میں بارش ہوئی تھی جس سے یہاں کئی علاقے زیرآب آئے ، لیند سلا ئیڈ نگ ہوئی اور 220 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے۔