• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 26th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

فیس بک کی مالک کمپنی میٹا 11ہزار ملازمین کو نکال دے گیتازترین

November 10, 2022

سان فرانسسکو (شِنہوا) فیس بک کی مالک  کمپنی میٹا پلیٹ فارمز انکارپوریشن نے کہا ہے  کہ وہ اپنے عملے کے 13 فیصد ارکان یا 11 ہزار  سے زائد ملازمین کو فارغ کر دے گی۔

کمپنی کی قدر میں تیزی سے کمی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر چھانٹیوں کا  فیصلہ کیا گیا  ہے جس کی وجہ  اشتہاری مارکیٹ کی تباہی اور کئی  دہائیوں کے دوران بلند افراط زر کی شرح  ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسرمارک زکربرگ نے اپنے ملازمین کے نام جاری کردہ  ایک پیغام میں کہا  ہے کہ ایک چست  اور زیادہ کارآمد کمپنی بننے کے لیے عملے کو نکالنا متعدد اقدامات  کا حصہ ہے۔

کمپنی کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق دیگر اقدامات  میں دفتر کی جگہ کو کم کرنا، صوابدیدی اخراجات  میں کمی اور اخراجات کو کم کرنے کے لیے پہلی سہ ماہی  کے دوران نئی نوکر رکھنے پر پابندی  شامل  ہیں ۔

میٹا کی مالیت  ایک زمانے میں  10 کھرب امریکی ڈالر سے زیادہ تھی تاہم صرف رواں  سال اپنی  قدروقیمت کا 70 فیصد سے زیادہ  حصہ گنوانے کے بعد اب اس کی مالیت 256 ارب ڈالر ہے۔

تیسری سہ ماہی  کے دوران اس  کمپنی کی لاگت  اور اخراجات گزشتہ سال کے مقابلے میں  19 فیصد بڑھ کر 22 ارب10کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں ۔

زکربرگ نے پیغام میں وضاحت کی ہے  کہ میٹا نے عالمی وبائی مرض کے دوران سوشل میڈیا کے استعمال اور ای کامرس میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے پر جوش انداز میں  خدمات حاصل کیں۔ اس کے باوجود آن لائن تجارت کو اس سال نقصان اٹھانا پڑا ہے اور عالمی وبا سے پہلے کی سطح پر واپس آ گیا ہے جبکہ دوسری جانب اشتہار دینے والوں اور صارفین نے بھی اخراجات میں کمی کر دی ہے۔