اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بنیادی طور پر خواتین اور لڑکیاں دنیا بھر میں گھروں میں پانی کی ترسیل سے محروم 1ارب 80کروڑ لوگوں کے لیے پانی فراہم کررہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین اور لڑکیاں بنیادی طور پر ایسے 10 میں سے 7 گھرانوں کے لیے باہر سے پانی بھر کر لاتی ہیں۔خاندانوں کے مرد ارکان 10 میں سے صرف 3 گھروں میں پانی لانے کی ذمہ داری اٹھائے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر معاملات میں خواتین اور لڑکیوں کو ایک طویل سفر طے کرکے پانی لانا پڑتا ہے جس سے ان کا تعلیم، کام اور تفریح کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ پانی لانے کے دوران راستے میں خواتین اور لڑکیوں کو جسمانی چوٹ لگنے سمیت دیگر خطرات لاحق رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 50کروڑسے زیادہ لوگ اب بھی دوسرے گھرانوں کے ساتھ سینی ٹیشن کی سہولیات کا اشتراک کرتے ہیں، جو خواتین اور لڑکیوں کی رازداری، وقار اور حفاظت پر سمجھوتہ کرنے کے مترادف ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے حامل 51 ممالک میں، غریب ترین گھرانوں کی خواتین اور نوعمر لڑکیوں اور معذورافراد کو نہانے اور لباس تبدیل کرنے کے لیے پرائیویٹ جگہ کی سب سے زیادہ کمی کا سامنا ہے۔