بینکاک (شِنہوا) تھائی لینڈ حکومت کی نائب ترجمان ٹریسوری تیسرناکل نے کہا ہے کہ تھائی لینڈ مقامی بنیادی ڈھانچے کو مزید ترقی دینے، مسابقت کو بہتر بنانے اور علاقائی رابطوں کو بڑھانے کی کوشش میں چین ۔تھائی لینڈ ریلوے کی تعمیر میں تیزی لا رہا ہے۔
ٹریسوری نے تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پریوت چھن او چھا کے بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے چین۔تھائی لینڈ ریلوے منصوبے کے تعمیراتی مقام کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اشتراک سے تھائی لینڈ کی ریلوے نقل و حمل میں نمایاں بہتری آئی ہے، مسابقت میں اضافہ ہوا ہے اور ملکی ترقی کو فروغ ملا ہے۔
ٹریسوری کے مطابق پریوت نے مسافروں کی تعداد میں اضافے اور مال بردار نقل و حمل کی بہتری کے لئے ریلوے نیٹ ورک کو فروغ دینے بارے تھائی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
پریوت نے اس بات پر زور دیا کہ تیز اور محفوظ علاقائی رابطے سے زراعت، صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ ملے گا جس سے لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔
ٹریسوری نے ایک بیان میں کہا کہ چین۔تھائی لینڈ ریلوے لاؤس کے ذریعے تھائی لینڈ اور چین کو جوڑنے والا ایک اسٹریٹجک راستہ ہے جو مستقبل میں تھائی لینڈ کے شمال مشرقی خطے کی سفری اور لاجسٹک ضروریات پورا کرنے میں معاون ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے لائن پین۔ ایشین ریلوے نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو تعاون کا بھی حصہ ہے جو جنوب مشرقی ایشیا کو یورپ سے جوڑتا ہے۔