اقوام متحدہ (شِنہوا) چین کے ایک سفیر نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افریقہ کی اپنی امن اور سلامتی میں اس کے قائدانہ کردار کی حمایت کرے۔
افریقی امور پر چینی حکومت کے خصوصی سفیر لیو یوشی نے افریقہ کے سائلینسنگ دی گنز انیشی ایٹو پر عمل درآمد پر ترقیاتی پالیسی کے اثرات کے بارے میں سلا متی کو نسل کی ایک اعلیٰ سطح کی کھلی بحث کے دوران کہا کہ افریقہ ایک ابھرتا ہوا براعظم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ امید کی زرخیز سرزمین ہے جو جوش و خروش سے بھری ہوئی ہے، افریقہ میں امن اور ترقی کے بغیر دنیا میں استحکام اور خوشحالی نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سلامتی کونسل کو ان سوالات پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے کہ افریقہ کو اس کے چیلنجز سے بہتر طور پر نمٹنے میں مدد کے لئے بین الاقوامی تعاون کو کس طرح مضبوط بنایا جائے۔
تنازعات کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے کے لئے ترقیاتی پالیسیوں کے درمیان ہم آہنگی کیسے پیدا کی جائے اور مضبوط حمایت فراہم کرنے کے لئے افریقہ کے ساتھ اقوام متحدہ کے تعاون کو کس طرح آگے بڑھایا جائے۔
لیو نے کہا کہ اپنے امن اور سلامتی میں افریقہ کے قائدانہ کردار کی حمایت کرنا ضروری ہے۔ افریقی افریقہ کو اچھی طرح جانتے ہیں اور افریقی ممالک اپنے امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے بنیادی قوتیں ہیں۔بین الاقوامی برادری کو افریقی مسائل کا افریقی حل تلاش کرنے کے اصول پر عمل کرنا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے نام پر دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے یا ان کے اختیارات سے تجاوز کرنے کی بجائے احترام اور اعتماد کی بنیاد پر مدد فراہم کرنی چاہئے۔