بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدرشی جن پھنگ نے جمعرات کو بیجنگ میں سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر سے ملاقات کی۔ دیاویوتائی اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر شی نے ڈاکٹرکسنجر کی 100ویں سالگرہ اور ان کے چین کے 100 سے زائد دوروں کا ذکر کرتے کہا کہ یہ دو 100 اس دورے کو خاص اہمیت دیتے ہیں۔ صدر شی نے کہا کہ 52 سال پہلے جب چین اور امریکہ ایک اہم موڑ پر تھے، چیئرمین ماؤزے تنگ، وزیر اعظم ژؤ این لائی، صدر رچرڈ نکسن اور ڈاکٹر کسنجر نے اپنے غیر معمولی تزویراتی نقطہ نظر سے چین امریکہ تعاون کے حوالے سے درست فیصلہ کیا اور باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کا آغاز کیا۔ اس فیصلے سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچا اوراس نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی عوام دوستی کی قدر کرتے ہیں۔ ہم اپنے پرانے دوستوں کو اور چین امریکہ تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کو بڑھانے میں آپ کی تاریخی شراکت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ چینی صدر نے کہا کہ دنیا ایک صدی میں پہلی بار ایسی تبدیلیوں کا مشاہدہ کررہی ہے اور بین الاقوامی منظرنامہ بڑی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔ چین اور امریکہ ایک بار پھر ایک دوراہے پر آ گئے ہیں، جس کے لیے دونوں ممالک کو ایک اور فیصلے کی ضرورت ہے کہ یہاں سے کہاں جانا ہے۔