بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے جرمن چانسلر اولاف شولز سے ویڈیو لنک کے ذریعے ملاقات کی۔
چین اور جرمنی کے تعلقات دوسری نصف صدی میں داخل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے شی نے کہا کہ چین اور جرمنی نے ہمہ جہت سٹریٹجک شراکت داروں کے طور پر باہمی مفادکے جذبے کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور ایک دوسرے سے سیکھتے ہوئے اور تعاون کے جذبے سے مل کر ترقی کی ہے۔
شی نے چین جرمنی تعاون کو کھلا اور عملی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گزشتہ دہائیوں کے دوران چین اور جرمنی کے تعلقات کی ہموار ترقی کا قابل قدر تجربہ ہے جسے دونوں طرف سے پسند کیا جانا اور آگے بڑھانا چاہیے۔
چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحول دوست منتقلی کے حوالے سے مکالمے اور تعاون کا طریقہ کار قائم کیا ہے، موسمیاتی تحفظ، ماحول دوست منتقلی، ماحولیاتی نظم و نسق اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ پر تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پہلے مذاکرات جلد از جلد ہونے چاہیئں۔
انہوں نے نوجوانوں، خطوں اور جڑواں شہروں کے درمیان تبادلوں کو مضبوط بنانے اور اہلکاروں کے تبادلے کو آسان بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔