• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیر خارجہ کی امریکی کانگریس کے وفد سے ملاقاتتازترین

October 10, 2023

بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے  امر یکی سینیٹ کے اکثریتی رہنما چک شومر کی قیادت میں امریکی کانگریس کے ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ نے شومر اور ان کے وفد کا چین میں خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ قانون ساز چین کے بارے میں زیادہ درست تفہیم حاصل کریں گے، چین کو زیادہ معروضی انداز میں دیکھیں گے اور اختلافات کو زیادہ منطقی انداز میں حل کریں گے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو صحیح راستے پر واپس لانے میں تعمیری کردار ادا کر سکیں۔

چین اور امریکہ کے مختلف سماجی نظام، تاریخ، ثقافت اور ترقی کے مراحل کا ذکر کرتے ہوئے وانگ نے کہا کہ دونوں فریقین کو ایک دوسرے کے عوام کی طرف سے منتخب کردہ ترقی کے راستے کا احترام کرنا چاہئے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات اور ترقیاتی حقوق کا احترام کرنا چاہئے۔

وانگ نے مزید کہا کہ چین-امریکہ تعلقات کی ترقی باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور ہمہ جہت  تعاون کے تین اصولوں پر مبنی ہونی چاہئے۔

شومر نے امریکی فریق کے متعلقہ خیالات پیش کیے اور چین کے ساتھ باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ رابطے اور بات چیت کو مضبوط بنانے، اختلافات کو ذمہ دارانہ طور پر سنبھالنے اور تنازعات سے بچنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

شومر نے کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ تعلقات ختم نہیں کرنا چاہتا اور امریکہ اور چین کے تعلقات کی مستحکم ترقی امریکہ اور دنیا کے لئے فائدہ مند ہے۔