گوا، بھارت (شِنہوا) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ چھن گانگ نے دو طرفہ تعلقات کو مستحکم اور ترقی کے راستے پر واپس لانے کے لیے بھارت کے ساتھ مشترکہ کوششوں پر زور دیا ہے۔ چھن نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یہاں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دنیا کے دو سب سے زیادہ آبادی والے ترقی پذیر ممالک جدیدیت کے اہم مرحلے پر ہیں چھن نے کہا کہ دونوں ممالک کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے اور دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک اورطویل مدتی نقطہ نظر سے لے کر چلنا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ہمسایہ ممالک پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے سیکھیں اور ایک دوسرے کو تقویت دیں ،ہم آہنگ بقائے باہمی، پرامن ترقی اور مشترکہ احیاء کے نئے راستے پر گامزن ہوں، اپنی متعلقہ قومی تجدید میں کردار ادا کریں اور عالمی امن اور ترقی میں استحکام اور مثبت توانائی کا باعث بنیں۔
چھن نے کہا کہ چین دو طرفہ مشاورت اور تبادلوں، کثیرالجہتی فریم ورک کے تحت بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے اور بین الاقوامی وعلاقائی مسائل پر ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔