• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی وزیر اعظم کا ذریعہ معاش اور ترقی کے لیے مستحکم توانائی کی فراہمی پر زورتازترین

January 18, 2023

بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر اعظم لی کھ چھیانگ نے اقتصادی اور سماجی ترقی کو بہتر انداز میں فائدہ پہنچانے کے لیے توانائی کی فراہمی اور قیمتوں کے استحکام  کو یقینی بنانے کی کوششوں پر زور دیا ہے۔

چینی وزیر اعظم نے چین کی ریاستی  گرڈ کارپوریشن کے معائنہ کے دوران  ویڈیو لنک کے ذریعے نچلی سطح کے کارکنوں سے ملاقات کی اور انہیں چینی قمری سال نو کے لیے نیک خواہشات بھیجیں۔

لی نے کہا کہ آ مدہ تعطیلات کے پیش نظر برقی  کمپنیوں کو شدید موسم جیسی ممکنہ آفات سے نمٹنے کے لیے بہتر طور پر تیار رہنا چاہیے، اور خاص طور پر طبی نگہداشت سمیت اہم شعبوں میں بجلی کی ایک محفوظ اور قابل بھروسہ فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔

لی نے بجلی کی فراہمی سے متعلق رپورٹس سننے کے بعد کہا کہ اندرون اور بیرون ملک پیچیدہ حالات کے پیش نظر چین نے گزشتہ سال کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے اداروں کی مشکلات کو کم کیا۔

اس کے علاوہ ملک کے اندر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے، معقول اقتصادی ترقی کی حمایت کے لیے متعدد پالیسیاں نافذ کیں اور لوگوں کی ذریعہ معاش کو یقینی بنانے کی ضروریات کو پورا کیا۔

لی نے کہا کہ عالمی سطح پر افراط زر کی بلند شرح کے  باوجود مستحکم ملکی  توانائی کی فراہمی کی بدولت دسمبر کے دوران چین میں قیمتوں میں صرف 1.8 فیصد اضافہ ہوا۔

لی نے توانائی اور دیگر اہم اشیاء کی مستحکم فراہمی  اور قیمتوں کو یقینی بنانے اور معقول اقتصادی ترقی اور قیمتوں کی مستحکم سطح کو فروغ دینے کے لیے مزید کوششوں پر زور دیا۔

لی نے پاور کنٹرول سینٹر میں کہا کہ تعطیلات کے بعد بجلی کی کھپت موسم سرما کی بلند ترین  سطح پر رہے گی اور نوول کرونا وائرس کے بہتر ردعمل کے ساتھ اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی اور بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔

لی نے کہا کہ اقتصادی اور سماجی ترقی کی طلب  پوری کرنے کے لیے توانائی کی فراہمی میں اضافہ ہونا چاہیے۔