• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی ومصری وزرائے خارجہ کا فلسطین اسرائیل تنازعہ،بیلٹ اینڈ روڈ تعاون پر تبادلہ خیالتازترین

October 17, 2023

بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور ان کے مصری ہم منصب سامح شکری نے فلسطین اسرائیل تنازعہ اور بیلٹ اینڈ روڈ تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک قرار دیتے ہوئے شکری نے اصولوں پر قائم رہنے، انصاف کی پاسداری کرنے اور فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی اور ایک آزاد ریاست کے قیام میں حمایت کرنے پر چین کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ مصر مسئلہ فلسطین کے سیاسی حل اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے تحفظ میں چین کے اہم کردار کو سراہتا ہے۔

شکری نے کہا کہ مصر، چین کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے تیار ہے تاکہ صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے، تنازعہ کو بڑھنے سے روکنے اور بحران کے مزید پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکے۔

مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر اور چین کے درمیان گہری دوستی اور متحرک تعلقات ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی تعاون کے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی مکمل کامیابی کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ مصر بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا رہے گا۔

اس موقع پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین شہریوں کو نقصان پہنچانے اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرنے والے تمام اقدامات کی مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔

وانگ یی نے کہا کہ چین بین الاقوامی انصاف کے ساتھ کھڑا رہے گا اور فلسطینی عوام کی ان کے جائز قومی حقوق کی بحالی میں حمایت جاری رکھے گا جبکہ موجودہ حالات میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو جلد از جلد جنگ بندی پر زور دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔