بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ کی ترجمان نے آبنائے تائیوان کے دونوں اطراف کے ہم وطنوں پر زور دیا کہ وہ لائی چھنگ تے کی زیرقیادت تائیوانی حکام کی "تائیوان کی آزادی" کے اشتعال انگیز اور عاقبت نااندیش اقدامات کی بھرپور مخالفت کے لیے متحد ہو کر اقدامات کریں۔ ریاستی کونسل کے تائیوان امور دفتر کی ترجمان ژو فینگ لیان نے ان خیالات کا اظہار لائی کی جانب سے مین لینڈ سے نام نہاد "خطرے" کوبڑھا چڑھا کر پیش کرنے اور آبنائے پارتصادم کو ہوا دینے کے بارے میں ایک حالیہ بیان سے متعلق میڈیا کے استفسار کے جواب میں کیا۔
ترجمان نے کہا کہ لائی کی زیرقیادت حکام کی جانب سے "تائیوان کی آزادی" کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹنا آبنائے پار امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے اور یہ آبنائے پار جنگ کے خطرے، تائیوان میں گہری ہوتی ہوئی معاشرتی تقسیم اورجزیرے پر لوگوں کے مفادات کے لیے نقصان کی بنیادی وجہ ہے۔