• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی ایلچی کا فلسطین اسرائیل جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ کا مطالبہتازترین

October 17, 2023

اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شہریوں کے تحفظ کے لیے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے ژانگ جون نے کہا کہ تنازعات کے تازہ ترین دور کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی ہلاکتیں اور انسانی بحران پیدا ہوا ہے جبکہ اس کے پھیلاؤ کے اثرات نے علاقائی امن اور استحکام کو متاثر کیا ہے جس پر چین کو اس پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین شہریوں کو نقصان پہنچانے والے تمام اقدامات کی مذمت کرتا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تمام اقدامات کی مخالفت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی حمایت  سمیت کشیدگی میں کمی اور امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور ان تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو شہریوں کے تحفظ اور انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے سازگار ہوں۔

ژانگ نے اجلاس میں ووٹنگ کے بعد ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ مذکورہ بالا موقف کی بنیاد پر چین نے روس کی تیار کردہ قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔

سلامتی کونسل اس قرارداد کے مسودے کو منظور کرنے میں ناکام رہی جس میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

ژانگ نے کہا کہ سنگین صورتحال کے پیش نظر چین جلد از جلد جنگ بندی کرانے اور جنگ کے شعلوں کو پھیلنے سے روکنے کی کوششوں پر زور دیتا ہے تاکہ کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی ذرائع اس بحران کے حل کا راستہ نہیں ہیں جبکہ تشدد کے بدلے تشدد صرف ایک نہ ختم ہونے والے شیطانی چکر کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین بین الاقوامی انسانی قانون کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کا مطالبہ کرتا ہے۔ مسلح تنازعات میں شہریوں کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ایک سرخ لکیر ہے۔ عام شہریوں کو فوجی کارروائیوں کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ طاقت کا بلا امتیاز استعمال ناقابل قبول ہے اور کسی کی سلامتی کی حفاظت معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانے کی قیمت پر نہیں کی جا سکتی جبکہ اقوام متحدہ کے عملے اور انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی حفاظت کی ضمانت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چین یرغمالیوں کی رہائی کے لیے سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور چین ایک انسانی امدادی راہداری کو جلد از جلد کھولنے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ مزید شدید انسانی آفت سے بچا جا سکے۔

ژانگ نے اسرائیل کی طرف سے غزہ پر مکمل محاصرہ کرنے اور شمالی غزہ کی آبادی کے ہنگامی انخلاء کے حکم کے نتائج پر چین کے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔