انقرہ (شِنہوا) چین کے سینئر سفارتکار وانگ یی نے کہا ہے کہ چین باہمی اسٹریٹجک اعتماد کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے لئے ترک حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں نئی رفتار پیدا کی جاسکے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کمیشن کے دفتر کے ڈائریکٹر وانگ نے یہ بات ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقات کے دوران کہی۔
وانگ نے کہا کہ ابھرتی ہوئی منڈیوں اور بڑے ترقی پذیر ممالک کے نمائندوں کی حیثیت سے چین اور ترکیہ وسیع تر مشترکہ مفادات اور گہرے تعاون کے امکانات کے حامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کا راستہ تلاش کرنے اور قومی آزادی ، خودمختاری اور جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ میں ترکیہ کی حمایت کرتا ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین علاقائی اور بین الاقوامی میدان میں زیادہ اہم کردار ادا کرنے میں ترکیہ کی حمایت کرتا ہے اور اس کے اندرونی معاملات میں کسی بھی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے۔
فدان نے کہا کہ ترکیہ، چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
ترکیہ کے اعلیٰ سفارت کار نے کہا کہ ترکیہ اس دعوے کو مسترد کرتا ہے کہ چین کی اقتصادی و تکنیکی ترقی ایک خطرہ ہے۔
ترکیہ، چین کی ترقی کو بدنام کرنے اور روکنے کی مخالفت کرتا ہےاور ترکیہ میں ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتا جو چین کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچاتی ہیں۔