• Columbus, United States
  • |
  • Jan, 10th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین سوڈان میں سیاسی منتقلی کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا:صدر شیتازترین

December 30, 2022

ریاض(شِنہوا) چینی صدرشی جن پھنگ نے کہا ہے کہ  ان کا ملک سوڈان میں مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے مستحکم سیاسی منتقلی کے لیے تمام فریقوں کی حمایت  اور سوڈان کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کی مخالفت کرتا ہے اور یہ کہ وہ سوڈانی دوستوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا۔

چینی صدر نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سعودی دارالحکومت ریاض میں سوڈان کی خود مختار کونسل کے چیئرمین عبدالفتاح البرہان سے ملاقات کے دوران کیا۔

چین اور سوڈان کو اچھے دوست اور اچھے بھائی قرار دیتے ہوئے صدر شی نے کہا کہ چین دوستی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے، ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی بھرپور حمایت، مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مستحکم اور آگے بڑھانے اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی کے لیےسوڈان کے ساتھ ہاتھ ملانے کے لیے تیار ہے۔ چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا ملک سوڈان کی ترقی کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق مدد کی فراہمی جاری رکھتے ہوئے  تیل، زراعت، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا، اور چینی کاروباری اداروں کو سوڈان میں تعمیراتی منصوبوں میں حصہ لینے کی ترغیب دے گا تاکہ سوڈان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مدد مل سکے۔

صدرشی نے مزید کہا کہ چین مختلف شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو مضبوط بنانے اور وسعت دینے کے لیے سوڈان اور دیگر عرب ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے اور چین-افریقہ تعاون فورم کے فریم ورک کے اندر سوڈان کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے اور ترقی پذیر ممالک کے مشترکہ مفادات اور بین الاقوامی انصاف  کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر کثیر الجہتی اداروں میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔