جنیوا (شِنہوا) جنیوا میں چین کے اعلیٰ سفارت کار نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ سی آر) کے 53 ویں اجلاس کے دوران ایک بحث میں کہا کہ چین ہر قسم کے اسلاموفوبیا کے خلاف ہے۔
اقوام متحدہ میں چینی مشن کے سربراہ سفیر چھن شو نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ مختلف تہذیبوں کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور افہام و تفہیم کی وکالت کی ہے۔
یو این ایچ سی آر نے مذہبی منافرت کے پہلے سے طے شدہ عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے واقعات پر فوری بحث کا آغاز کیا ہے جس کا مظاہرہ کچھ یورپی ممالک میں قرآن پاک کی مسلسل بے حرمتی سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد کونسل نے اس معاملے پر ایک قرارداد منظور کی۔
چھن نے کہا کہ چین فوری بحث کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ چین قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے۔
چھن نے کہا کہ نام نہاد اظہار رائے کی آزادی کو تہذیبوں کے تصادم کو بھڑکانے یا تصادم پیدا کرنے کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تہذیب نے عالمی تہذیب میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مسلمانوں کے مذہبی عقائد اور احساسات اہمیت کے حامل ہیں۔
چھن نے اجلاس کو بتایا کہ چین عالمی تہذیبی اقدام کے نفاذ بارے تمام فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے جو تہذیبوں کے مابین مساوات ، باہمی سیکھنے ، مکالمے اور رواداری کے اصولوں کی پاسداری کی وکالت کرتا ہے۔