شی آن (شِنہوا) چین اور وسط ایشیا کے 5 ممالک قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان نے صوبہ شانشی کے شہر شی آن میں چین ۔ وسط ایشیا تعاون میکانزم سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی، قازق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مراد نورد لیو، کرغیز وزیر خارجہ جین بیک کولوبیف، تاجک وزیر خارجہ سراج الدین محی الدین، ترکمان نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ راشد میردوف اور ازبک وزیرخارجہ بختیار سیدوف نے مبارکباد کے خطوط بھیجے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے چین۔ وسط ایشیا میکانزم کے تحت چین اور وسط ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کی تعریف کی جس کا آغاز 4 برس قبل ہوا تھا۔
وانگ نے کہا کہ سیکرٹریٹ کا قیام اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ چین اور وسط ایشیائی ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان اتفاق رائے پر عمل درآمد کیا گیا ہے اور یہ عالمی برادری کے سامنے ترقی اور تعاون کے لئے ملکر کام کرنے کے 6 ممالک کے پختہ عزم کا اظہار بھی ہے۔
وانگ نے مزید کہا کہ توقع ہے کہ تمام فریقین کے مشترکہ تعاون سے سیکرٹریٹ آسان اور مؤثر طریقے سے کام کرے گا جس سے چین۔ وسط ایشیا میکانزم مستحکم ہوگا اور 6 ممالک کے عوام کو مزید فوائد حاصل ہوں گے۔
وسط ایشیا کے 5 ممالک کے وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ فریقین کو سیکرٹریٹ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں اور وہ اس کے امور میں مکمل تعاون کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیکرٹریٹ کے قیام سے وسط ایشیائی ممالک اور چین کے درمیان تعاون میں پیشرفت تیز ہوگی۔