بیجنگ(شِنہوا) چین نے امریکہ کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے چینی افسران اور دیگر سرکاری اہلکاروں پر عائد فرد جرم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے امریکہ سے ان غلط اقدامات کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نےروزانہ کی نیوز بریفنگ میں اس سے متعلقہ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نےنام نہاد 'بین الاقوامی جبر' کے بیانیہ کو بدنیتی سے گھڑ لیا ہے، من گھڑت شواہد اکٹھے کیے اور چین کے قانون نافذ کرنے والے افسران اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے خلاف مقدمہ چلایا ،اس سیاسی بہتان سازی کا واضح مقصد چینی خطرے کے بیانیہ کو فروغ دینا ہے۔
ماؤ نے مزید کہا کہ چین اس اقدام کو سختی سے مسترد کرتا ہے اور اس نے سفارتی اور قانون نافذ کرنے والے چینلز کے ذریعے امریکہ کے سامنے اس معاملے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا اورسخت اعتراض کیا ہے۔ چین کی وزارت عوامی سلامتی (ایم پی ایس) کے ایک عہدیدار نے گزشتہ روز امریکہ میں چینی پولیس پر فرد جرم عائد کرنے پر امریکی محکمہ انصاف اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن بیجنگ آفس کے نمائندوں کے ساتھ اس معاملے کو اٹھایا اور اپنا اعتراض ریکارڈ کرایا۔