بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ اسکی مخالفت کے باوجود امریکہ نے مالی سال 2024 کے لیے نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ منظور کرکے اس پر دستخط کردیئے ہیں جس میں چین مخالف مواد شامل ہے جبکہ چین اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کی مخالفت کرتا ہے اور اس نے امریکہ کو اپنے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤننگ نے روزمرہ بریفنگ کے دوران میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ یہ قانون چین کے اندرونی امور میں مداخلت اور تائیوان کے ساتھ امریکی فوجی تعاون کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ ایک چین اصول اور چین اور امریکہ کے مابین تین مشترکہ اعلامیوں کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ "تائیوان کی آزادی" کی حمایت نہ کرنے کی اپنی قیادت کے وعدے کی پاسداری کرنے کے ساتھ ساتھ تائیوان پر ہیراپھیری بند کرے اور آبنائے تائیوان میں امن و استحکام خطرے میں نہ ڈالے۔
ترجمان ماؤ نے کہا کہ یہ قانون چین کو ایک خطرے کے طور پر پیش کرتا ہے، چینی کمپنیوں پر دباؤ ڈالتا اور چین۔ امریکہ عام اقتصادی، تجارتی اور عوام کے درمیان تبادلوں کو محدود کرتا ہے جو کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔
امریکہ کو اپنی سرد جنگ کی ذہنیت اور نظریاتی تعصب ترک کرنے اور تجارت و دیگر شعبوں میں چین۔ امریکہ تعاون کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
ماؤ نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ سان فرانسسکو سربراہ اجلاس کے اہم نتائج اور مشترکہ سمجھ بوجھ کے لیے چین کے ساتھ ملکر کام کرے۔ اگر امریکہ اس قانون کے ساتھ آگے بڑھنے پر اصرار کرتا ہے تو چین اپنی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے سخت اور ٹھوس اقدامات کرے گا۔