بیجنگ (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے بہانے امریکہ کی جانب سے چین کے داخلی امور میں مداخلت اور مسابقت کے نام پر چین کی ترقی کے جائز حق کو روکنے کی مخالفت کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے یہ بات یومیہ پریس بریفنگ کے دوران چین میں امریکی سفیر نکولس برنز کے چین سے متعلق حالیہ بیانات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہی۔
ترجمان نے کہا کہ یہ بات نوٹ کی گئی ہے امریکی سفیر نکولس برنز نے حال ہی میں متعدد مواقع پر چین کے بارے میں منفی تبصرے کئے ہیں۔ یہ بیانات سان فرانسسکو میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں چین اور امریکہ کے صدور کے درمیان طے شدہ اہم مشترکہ افہام و تفہیم کے منافی ہے ۔ اس طرح کے منفی تبصرے چین ۔ امریکہ تعلقات کی مضبوط اور مستحکم پیشرفت کو متاثر کرتے ہیں۔
ترجمان لین نے کہا کہ چین ہمیشہ سےباہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور باہمی تعلقات نبھانے اور پیشرفت میں فائدہ مند تعاون کے اصولوں پر عمل پیرا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ امریکہ بھی چین کے ساتھ اسی سمت میں کام کرتے ہوئے سان فرانسسکو میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں دونوں صدور کے درمیان طے شدہ اہم مشترکہ اتفاق رائے اور ویژن پر عملدرآمد کرے گا تاکہ دوطرفہ تعلقات میں مستحکم، ہمواراور پائیدار پیشرفت ہوسکے۔