بیجنگ(شِنہوا) چین کی عوامی سلامتی کی وزارت نے کوویڈ-19 سے متعلق جعلی ادویات کے ساتھ ساتھ متعلقہ ٹیسٹنگ کٹس، آکسی میٹر اور آکسی جنریٹرز جیسے طبی آلات کی تیاری اور فروخت کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔ پیر کو جاری ایک بیان کے مطابق، وزارت نے ملک بھر میں متعلقہ پولیس فورسز کو حکم دیا ہے کہ وہ کوویڈ-19 سے متعلقہ طبی سامان کی پیداوار، ہول سیل اور خوردہ فروشی کے ساتھ ساتھ آن لائن پلیٹ فارمز پرہونے والی اس سے متعلقہ ٹریڈنگ پر بھی گہری نظر رکھیں۔ وزارت نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی طرف سے رپورٹ کی جانے والی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔
وزارت نے منظم یا سلسلہ وار خلاف ورزیوں اور ایک سے زیادہ علاقوں میں ملوث لوگوں پر خصوصی توجہ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ مجرمانہ نیٹ ورکس کو ختم اور ان کے منافع کے ذرائع کو کاٹ دیا جائے۔