ہانگژو(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبے ژی جیانگ میں حال ہی میں ختم ہونے والی گلوبل ڈیجیٹل ٹریڈ ایکسپو میں مجموعی طور پر 37ارب 40کروڑیوآن (تقریباً 5 ارب 37 کروڑ امریکی ڈالر) مالیت کے ابتدائی معاہدے طے پائے۔
ژی جیانگ عوامی حکومت اوروزارت تجارت کے مشترکہ تعاون سے"ڈیجیٹل تجارت کو دنیا سے منسلک کرنا" کے موضوع پر پہلی عالمی ڈیجیٹل تجارتی ایکسپو اتوار سے بدھ تک ژی جیانگ کے دارالحکومت ہانگژومیں منعقد ہوئی تھی۔
صوبائی محکمہ تجارت نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ چار روزہ ایونٹ میں اندرون و بیرون ملک سے 800 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کرتے ہوئے 315 نئی ڈیجیٹل مصنوعات کی نمائش کی۔ ایکسپو کے دوران انٹرنیٹ پلس، نیو میٹریلز اور زندگی وصحت کی صنعتوں سے متعلق تقریباً 110 ارب یوآن کی کل سرمایہ کاری کے ساتھ مجموعی طور پر89 بڑے منصوبوں پر دستخط کیے گئے ۔
عالمی ڈیجیٹل تجارت کے پرجوش موضوعات پر تبادلہ خیال کرنے ،تعاون کو آگے بڑھانے اور ڈیجیٹل معیشت کو تیز رفتاری سے فروغ دینے کے لیے 50 سے زائد ممالک اور خطوں کے سرکاری حکام، اسکالرز اور مہمان نمائش کنندگان نے اس ایکسپومیں شرکت کی ۔