• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کی مالی اعانت سے تعمیر شدہ اسپتال کی عمارت سری لنکا کے حوالےتازترین

April 26, 2023

کولمبو(شِنہوا) چین کے تعاون سے تعمیر کردہ سری لنکا کے سب سے بڑے قومی اسپتال میں بیرون مریض عمارت سری لنکا کے سپرد کردی گئی۔ 

سری لنکا میں چین کے سفیر چھی  ژین ہونگ اور سری لنکا کے وزیر صحت کیہیلیا رامبکویلا نے اس ضمن میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور حوالگی کی دستاویز پر دستخط کئے۔ 

چھی نے چینی حکومت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کی ترقی میں صحت شعبے کو ترجیح دینے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین نے نوول کرونا وائرس وبا کے دوران سری لنکا کو طبی سامان اور ویکسین فراہم کی ۔

پولوناروا میں چین۔ سری لنکا دوستی اسپتال کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے چھی نے کہا کہ چین کی جانب سے گزشتہ برس تحفتاً دی گئی 8 موبائل لیبارٹریز دیہی علاقوں میں امراض گردہ کی تشخیص میں معاونت کررہی ہیں۔ یہ جنوبی ایشیا میں امراض گردہ کا سب سے بڑا اسپتال ہے۔

چھی نے مزید کہا کہ چین نے سری لنکا کو ہنگامی ادویات بھی فراہم کی ہیں اور امید ہے کہ چین کی کوششوں سے فرنٹ لائن طبی عملے  اور مریضوں کو بھرپور فوائد ملیں گے۔ 

چین کے طویل مدتی تعاون کو سراہتے ہوئے رامبکویلا نے کہا کہ بیرونی مریض عمارت ملک کے شعبہ صحت میں ایک ضروری اور قابل ذکر منصوبہ ہے۔ انہیں یقین ہے کہ طبی شعبے سے وابستہ افراد اس کا بہترین استعمال کرتے ہوئے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ 

اس عمارت کا تعمیراتی رقبہ تقریباً 50 ہزار مربع میٹر ہے اور یہاں یومیہ 6 ہزار سے زائد مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس سے مقامی طبی وسائل کو درپیش کمی دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔