بیجنگ (شِنہوا) جنوری سے نومبر کے دوران چین کی قابل تجدید توانائی کی نصب شدہ صلاحیت میں اضافے کا سلسلہ برقرار رہا ہے جس کا مقصد سبز ترقی کا حصول ہے۔
قومی توانائی انتظامیہ کے اعدادوشمار کے مطابق نومبر کے اختتام تک چین کی بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 2.51 ارب کلوواٹس تک پہنچ چکی تھی جو گزشتہ برس کی نسبت 8.1 فیصد زائد ہے۔
خاص طور پر ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ایک برس قبل کی نسبت 15.1 فیصد بڑھ کر 35 کروڑ کلو واٹس تک پہنچ گئی جبکہ شمسی توانائی کی صلاحیت 37 کروڑ کلوواٹ ہوگئی جو کہ سالانہ 29.4 فیصد اضافہ ہے۔
ملک نے رواں سال اپنی قابل تجدید توانائی بارے کی جانے والی سرمایہ کاری میں اضافہ کیا، خاص طور پر صحرائی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی سہولیات اور فوٹو وولٹک مراکز کی تعمیر میں تیزی آئی ہے۔
ابتدائی 11 ماہ کے دوران چین کی بجلی پیدا کرنے والی بڑی کمپنیوں کی مجموعی سرمایہ کاری گزشتہ برس کی نسبت 290.1 فیصد اضافے سے 200 ارب یوآن (تقریباً 28.66 ارب امریکی ڈالرز) تک پہنچ چکی ہے۔