بیجنگ (شِنہوا) چین کی بیرونی خلا کے بارے میں تحقیقاتی لیبارٹری نے کیمپس میں بھرتی کا آغاز کردیا ہے۔
چائنہ نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن (سی این ایس اے ) کے مطابق اس کا مقصد ملک کی بیرونی خلائی تحقیق کے لیے خود کو وقف کرنے والے مزید نوجوانوں کی صلاحیتوں کو راغب کرنا ہے۔
چائنہ نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن، صوبہ انہوئی اور چین کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تعاون سے قائم کی گئی اس لیبارٹری کا صدر دفتر انہوئی کے دارالحکومت ہیفے میں ہے۔ اس لیبارٹری نے رواں سال جون میں کام کا آغاز کیا تھا۔
بنیادی طور پر یہ بھرتی سال 2023 کے گریجویٹس کے لیے ہے۔ مجموعی طور پر کمپیوٹنگ ، آٹومیشن، ہوائی جہاز اور مصنوعی ذہانت کے لئے کل 36 آسامیاں مختص کی گئی ہیں، جو کہ بنیادی مضامین خلائی سائنس، ایرو اسپیس سائنس اور ٹیکنالوجی، ائیر کرافٹ ڈیزائن، کمپیوٹنگ ، مصنوعی ذہانت اور آٹومیشن جیسے شعبوں کے لیے کھلی ہیں۔
اس لیبارٹری نے اپنے قیام کے بعد سے چاند اور مریخ کی تحقیقاتی مہمات سمیت بیرونی خلا بارے تحقیق کے بڑے قومی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کےشعبوں میں تحقیق کی ہے۔