• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا شہر ہاربن ایشیائی سرمائی کھیل 2025 کا میزبان منتخب ہو گیاتازترین

July 09, 2023

بنکاک(شِنہوا) اولمپک کونسل برائے ایشیا نے چین کے شمال مشرقی صوبہ حئی لونگ جیانگ کے دارالحکومت ہاربن کو ایشیائی سرمائی کھیل 2025 کا میزبان منتخب کرلیا ہے۔ اس کا فیصلہ اولمپک کونسل برائے ایشیا نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں اپنی 42 ویں کانگریس میں کیا۔ ہاربن ایشیائی سرمائی کھیل 2025 کی میزبانی کے لئے واحد امیدوارتھا جس کی بولی کو اسمبلی نے منظور کرلیا۔ ہاربن بولی کمیٹی کی اولمپک کونسل برائے ایشیا میں پیش کردہ بریفنگ کے دوران چینی اولمپک کمیٹی کے نائب صدر اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے رکن یو زائی چھنگ نے کہا کہ ہاربن مستحکم معاشی ترقی، سرمائی کھیلوں کی مضبوط روایت اور بہترین سہولیات کا حامل ہے۔ یو نے کہاکہ انہیں مکمل یقین ہے کہ ہاربن ایشیائی سرمائی کھیلوں کا ایک شاندار اور کامیاب ایڈیشن پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاکہ چین اور پورے ایشیا میں سرمائی کھیل اور اولمپک تحریک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرکے یکجہتی، دوستی اور امن کو فروغ دے سکے۔ یہ دوسرا موقع ہے جب ہاربن ایشیائی سرمائی کھیلوں کی میزبانی کرے گا - اس سے قبل اسے یہ اعزاز 1996 میں حاصل ہوا تھا۔  چین میں یہ علاقائی کھیل تیسری بار منعقد کئے جارہے ہیں ۔ ہاربن کے علاوہ چین کے شمال مشرقی صوبہ جیلن کا شہر چھانگ چھون 2007 میں ان کھیلوں کی میزبانی کرچکا ہے۔ ہاربن کی کامیاب بولی بیجنگ میں 2022 میں اولمپک سرمائی کھیلوں کی کامیاب انعقاد کے بعد سامنے آئی ہے۔