اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے متعلقہ فریقوں سے شام میں انسانی بنیادوں پر فنڈنگ کے خلاء کو پُرکرنے کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
گینگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام کے بارے میں بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت شام کے لیے انسانی بنیادوں پر مالی امداد میں بڑے خلاء کے باعث پہلے ہی امدادی کارروائیوں اور جلد بحالی کے منصوبوں کا نفاذمتاثرہوا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ متعلقہ فریق اپنے وعدوں کا احترام کریں گے اور اپنی مالی امداد میں مزید اضافہ کریں گے۔
چینی ایلچی نے کہا کہ شامی حکومت نے تاحال باب السلام اور الراعی کی سرحدی گزرگاہیں کھولنے کے علاوہ انسانی امداد کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں، سرحد پار امداد کے لیے علیحدہ علیحدہ منظوری کے طریقہ کار کو ختم کیا ہے اورانسانی ہمدردی کے کارکنوں کے لیے ویزا اجراء میں سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقین کی طرف سے ان اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا ہےاور چین ان کوششوں کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو شام کی صورت حال کی پیشرفت اور قرارداد 2672 کے نفاذ کو سائنسی بنیادوں پراگلے مرحلے کی منصوبہ بندی میں مدنظر رکھنا چاہیے تاکہ شام میں انسانی امداد میں مزید اضافہ ہو اور اس کے انسانی بحران کو ختم کیا جا سکے۔
سرحد پار سے انسانی امداد کے طریقہ کار کے بارے میں گینگ نے کہا کہ یہ صرف ایک مخصوص صورتحال میں ایک غیر معمولی انتظام ہے جسے ضروری امدادی مقاصد کے حصول کے بعد منظم طریقے سے ختم کیا جانا چاہیے۔