چین کا ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر اظہار تعزیتتازترین
September 10, 2022
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا ہے کہ چین برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ ملکہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تبادلوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بکنگھم پیلس نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک حکمران رہنے والی ملکہ الزبتھ دوم 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔
ماؤننگ نے جمعہ کے روز کہا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر برطانوی بادشاہ چارلس سوم سے تعزیت کی اور چین کے وزیراعظم لی کھ چھیانگ نے برطانوی وزیراعظم لز ٹرس سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ اپنے70 سالہ دور حکمرانی کے دوران ملکہ الزبتھ دوم نے خود کو قومی ترقی اور برطانیہ اور دیگر ممالک کےدرمیان دوستانہ تبادلوں کو فروغ دینے کیلئے وقف کیے رکھا۔
ماؤ ننگ نے یہ بھی کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم چین کا دورہ کرنیوالی پہلی برطانوی حکمران تھیں اور انہوں نے برطانیہ کا دورہ کرنیوالے متعدد چینی رہنماؤں کا استقبال کیا ۔ ملکہ نے چینی اور برطانوی عوام کے درمیان افہام و تفہیم کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تبادلوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ماؤ ننگ نے کہا کہ چین دوطرفہ تعلقات کی مسلسل ترقی کو فروغ دینے کیلئے برطانوی شاہی خاندان اور تمام شعبوں کے ساتھ کام جاری رکھنے کیلئے تیارہے۔