اقوام متحدہ(شِنہوا)چین نے مشرقی جمہوریہ کانگو (ڈی آرسی) میں مسلح گروہوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی تمام پرتشدد سرگرمیاں ختم اور مقبوضہ علاقوں سے انخلاء کریں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بریفنگ میں اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے ناظم الامور دائی بنگ نے کہا کہ سیکورٹی کے شعبے میں اصلاحات، مسلح گروپوں کا مقابلہ کرنے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور عام انتخابات کی تیاری کے لیے کانگو حکومت کی سرگرم کوششوں کے باوجود مشرقی جمہوریہ کانگو میں مسلح گروہوں کے مسلسل حملے ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی اور تشدد کا خاتمہ اولین ترجیحات ہیں۔
دائی نے کہا کہ افریقی یونین اور انگولا جیسے علاقائی ممالک کی مدد سے 23 مارچ کی تحریک کے مسلح گروپ نے مارچ کے اوائل میں جنگ بندی اور بات چیت پر اتفاق کیا۔
ایلچی نے بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے مشرقی جمہوریہ کانگو میں بڑے پیمانے پر درکار انسانی ضروریات کا ذکر کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی ہمدردی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسیوں اور کانگوحکومت کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنے انسانی ہمدردی کی بنیاد پردرکار امداد کے جائزوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور سامان کی محفوظ اور ہموار ترسیل کو یقینی بنائیں۔