بیجنگ(شِنہوا) چین نے یوکرین بحران کے حل کے لیے امن مذاکرات کی بحالی کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا ہے۔ چین نے جمعہ کو یوکرین بحران کے سیاسی تصفیے کے حوالے سے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے ایک پیپرجاری کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ یوکرین کے بحران کا واحد قابل عمل حل بات چیت اور مذاکرات ہیں۔ پیپر میں بین الاقوامی برادری پر زوردیا گیا ہے کہ وہ امن کے لیے مذاکرات کو فروغ دینے کے درست نقطہ نظر پر کاربند رہے، تنازع کے فریقین کو جلد از جلد سیاسی تصفیے کی جانب بڑھنے میں مدد کرے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے حالات اور پلیٹ فارم تشکیل دے، پیپر میں کہا گیا ہے کہ چین اس سلسلے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بحران کے تمام فریقوں کو عقلمندی اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کو ہوا دینے اور تنا کو بڑھانے سے گریز کرنا چاہیے اور بحران کو مزید بگڑنے یا یہاں تک کہ قابو سے باہر ہونے سے روکنا چاہیے۔