بیجنگ (شِںہوا) چین نے صارفین کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی مراعات کا اعلان کیا ہے جو اپنے پرانے گھریلو مصنوعات کو نئی مصنوعات سے تبدیل کراسکیں۔
چینی وزارت تجارت اور دیگر 3 سرکاری محکموں کے جاری کردہ ایک مراسلے کے مطابق ریفریجریٹرز، واشنگ مشین، ٹیلی ویژن، ایئر کنڈیشنرز اور کمپیوٹرز سمیت اعلیٰ توانائی کی کارکردگی والی گھریلو مصنوعات کی 8 اقسام اشیا کی تبادلہ سبسڈی سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں جو مصنوعات کی حتمی فروخت قیمت کا 15 فیصد ہوگی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہر صارف ایک کیٹگری میں ایک شے کے لئے سبسڈی حاصل کرسکتا ہے اور ہرشے کے لئے زیادہ سے زیادہ سبسڈی 2 ہزار یوآن (280.28 امریکی ڈالر) ہوگی۔
مراسلے میں تمام مقامی حکومتوں سے کہا گیا کہ وہ مرکزی اور مقامی فنڈز کا استعمال مربوط بنائیں تاکہ اعلیٰ توانائی کی کارکردگی رکھنے والی ان 8 اقسام کے گھریلو مصنوعات کے خریداروں کو سبسڈی مہیا کی جاسکے۔
اشیائے صرف تبادلہ پروگرام چین میں مقامی طلب بڑھانے اور معاشی ترقی میں معاونت کی کوششوں کا حصہ ہے۔