بیجنگ(شِنہوا) چین نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ کے نتیجے میں شہری ہلاکتوں پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کے لیے نقصان دہ کارروائیوں کی مخالفت اور مذمت کی ہے۔
ان خیالات کااظہار وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پیر کو روزانہ کی نیوز بریفنگ میں غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی مسلح گروپوں کے درمیان ہونے والی لڑائی میں دونوں جانب سے بڑے پیمانے پر ہونے والےجانی نقصان پر کیا۔
ماؤ نے کہا کہ چین فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازعہ میں حالیہ اضافے پر بہت زیادہ فکر مند اور تنازعے کے نتیجے میں ہونے والی شہری ہلاکتوں پر شدید غمزدہ ہے۔چین شہریوں کے لیے نقصان دہ کارروائیوں کی مخالفت اوران کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا ان کا ملک ایسے اقدامات کی مخالفت کرتا ہے جو تنازعات میں اضافہ کرتے اور علاقائی استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں اوراسے جلد جنگ بندی اور امن کی بحالی کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو سنجیدگی سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔